متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا بطور صدر پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ
شیخ محمد بن زاید النہیان نے بطور صدر متحدہ عرب امارات پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کیا ہے۔ اگرچہ یہ 2025 میں ان کا دوسرا دورہ ہے، تاہم صدارت سنبھالنے کے بعد ہونے کی وجہ سے اسے غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ اس سے قبل جنوری میں وہ رحیم یار خان آئے تھے جہاں وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، مگر وہ دورہ سرکاری اسٹیٹ وزٹ نہیں تھا۔
اہم مذاکرات متوقع
وزارتِ خارجہ کے مطابق اپنے دورے کے دوران شیخ محمد بن زاید وزیرِاعظم شہباز شریف سے اعلیٰ سطحی مذاکرات کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا جائے گا جبکہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال ہوگا۔
وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
تجارت، سرمایہ کاری اور استحکام پر توجہ
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
پاکستان۔یو اے ای تعلقات
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات سفارتی اور معاشی شعبوں کے ساتھ ساتھ ثقافتی سطح پر بھی مضبوط ہیں۔ یو اے ای میں مقیم بڑی پاکستانی کمیونٹی ان قریبی روابط کی واضح مثال ہے۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کے اہم تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے اور زرِمبادلہ کی ترسیلات کے ذریعے پاکستانی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔
دونوں ممالک دفاع، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بھی قریبی تعاون رکھتے ہیں، جبکہ یو اے ای نے مختلف مواقع پر پاکستان کو مالی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کی ہے۔
اہم معاہدے
اپریل کے آغاز میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے، جن میں ثقافتی تبادلے کے معاہدے، مشترکہ قونصلر امور کمیٹی کا قیام اور یو اے ای۔پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کی تشکیل شامل ہے۔

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں