واٹس ایپ کا نیا فیچر "کوئیک چیٹ ریکیپ”
واٹس ایپ کا نیا فیچر: "کوئیک چیٹ ریکیپ" – مصروف صارفین کے لیے ایک سمارٹ حل
واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کا نام "کوئیک چیٹ ریکیپ" ہے۔ یہ فیچر خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ہے جو مصروف رہنے یا کام کے دوران گروپ چیٹس اور دیگر میسجز کو بروقت نہیں پڑھ پاتے۔ اس کے ذریعے، صارفین کو ہر چیٹ علیحدہ علیحدہ کھولنے کی ضرورت نہیں رہتی، بلکہ واٹس ایپ انہیں ایک مختصر خلاصے کی صورت میں بتاتا ہے کہ کس چیٹ میں کیا گفتگو ہوئی۔
اس فیچر کی اطلاع سب سے پہلے WABetaInfo نے دی تھی۔ یہ ان افراد کے لیے انتہائی کارآمد ہے جو گھنٹوں یا دنوں بعد جب واٹس ایپ کھولتے ہیں تو درجنوں ان ریڈ میسجز دیکھ کر پریشان ہو جاتے ہیں۔
یہ ایک "سمارٹ" فیچر ہے جو چیٹس کو تیزی سے سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ جہاں پہلے واٹس ایپ صرف مجموعی طور پر ایک خلاصہ فراہم کرتا تھا، اب صارفین پانچ مخصوص چیٹس (چاہے وہ گروپ ہوں یا پرسنل) منتخب کر سکتے ہیں۔ پھر ہر چیٹ کا الگ الگ اور مختصر خلاصہ دکھایا جاتا ہے، جس سے وقت کی بچت ہوتی ہے اور لمبے میسجز کھولنے کی جھنجھٹ بھی ختم ہو جاتی ہے۔
یہ فیچر Meta کی AI ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، تاہم واٹس ایپ نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پرائیویسی اس کی اولین ترجیح ہے۔ تمام ڈیٹا کی پروسیسنگ صرف صارف کے فون پر ہوتی ہے — کوئی بھی میسج Meta کے سرورز پر نہیں بھیجا جاتا۔ نہ تو کوئی چیٹ اسٹور کی جاتی ہے، نہ ہی شیئر۔
جیسے ہی صارفین مخصوص چیٹس کا انتخاب کرتے ہیں، واٹس ایپ ان کا خلاصہ مختصر جملوں میں پیش کر دیتا ہے۔
فی الحال یہ فیچر صرف محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے، خاص طور پر وہ جو واٹس ایپ کا اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.25.21.12 استعمال کر رہے ہیں۔ اگر آپ بیٹا ٹیسٹنگ پروگرام کا حصہ ہیں اور آپ نے اپنی ایپ کو اپ ڈیٹ کر لیا ہے، تو ممکن ہے کہ یہ فیچر آپ کے لیے بھی دستیاب ہو چکا ہو۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں