صنم سعید اور محب مرزا کے ہاں بیٹے کی پیدائش
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکاروں، صنم سعید اور محب مرزا، نے اپنے بیٹے کی پیدائش کی خوشخبری سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔ اس خوش نصیب جوڑے نے اپنے نومولود بیٹے کا نام "ولی حسن مرزا" رکھا ہے۔
صنم سعید نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام میں لکھا:
"ہمارے دل خوشی سے بھر گئے ہیں۔ محبت، حیرت اور ان ننھی انگلیوں کے ساتھ — ہم اپنے بیٹے ولی حسن مرزا کو دنیا میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ سب کچھ اللہ کی مرضی سے ہے — اُس کے سوا کوئی طاقت نہیں۔ برائے مہربانی ہمارے بیٹے کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔"
مداحوں اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے اس خوبصورت اعلان پر جوڑے کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور نومولود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ صنم سعید اور محب مرزا نے 2021 میں شادی کی تھی، تاہم اس خبر کو انہوں نے 2024 میں عوام کے ساتھ شیئر کیا۔
یہ دونوں اداکاروں کی دوسری شادی ہے۔ صنم کی پہلی شادی ان کے قریبی دوست فرحان حسن سے ہوئی تھی، جبکہ محب مرزا کی سابقہ اہلیہ معروف اداکارہ و ماڈل آمنہ شیخ تھیں، جن سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں