پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عائشہ خان کراچی میں انتقال کر گئیں
معروف اداکارہ عائشہ خان 76 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اور معروف اداکارہ عائشہ خان 76 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ان کی لاش کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں واقع ان کے اپارٹمنٹ سے برآمد ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق وہ تنہا زندگی گزار رہی تھیں اور شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کا انتقال چند روز قبل ہو چکا تھا۔ مختلف ذرائع کا کہنا ہے کہ یا تو پڑوسیوں نے فلیٹ سے اٹھنے والی بدبو محسوس کر کے پولیس کو اطلاع دی، یا پھر کوئی مہمان جب ان سے ملنے آیا اور دروازہ نہ کھلنے پر تشویش کے باعث پولیس کو طلب کیا گیا۔
پولیس کے مطابق، ان کے بیٹے کے کراچی پہنچنے کے بعد پوسٹ مارٹم کیا جائے گا تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
عائشہ خان 1948 میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے کئی یادگار ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں افشاں، عروسہ، فیملی 93، شام سے پہلے اور بندھن شامل ہیں۔ ڈرامہ افشاں میں ان کا کردار خصوصاً بہت سراہا گیا، جس میں انہوں نے ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کیا جو قیامِ پاکستان کے دوران پیچھے رہ جاتی ہے۔
ان کے انتقال کی خبر پر شوبز انڈسٹری کی متعدد نامور شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ خالد انعم اور عدنان صدیقی سمیت دیگر فنکاروں نے سوشل میڈیا پر ان کی فنی خدمات، شائستگی اور لازوال اداکاری کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں