ہانیہ عامر کو برطانیہ میں اسٹار آف پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیا

 


پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو حال ہی میں برطانوی پارلیمنٹ کے جوبلی روم میں منعقدہ ایک تقریب میں "اسٹار آف پاکستان" ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز رکنِ پارلیمنٹ افضل خان اور دیگر معزز شخصیات نے ان کی شاندار فنی خدمات، غیرمعمولی اداکاری اور شوبز انڈسٹری میں نمایاں کردار کے اعتراف میں پیش کیا۔

یہ تقریب لیبر پارٹی کے ایم پی افضل خان کی میزبانی میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی ہائی کمشنر کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نسیم سمیت برطانوی پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔ ایوارڈ پیش کرتے ہوئے افضل خان نے ہانیہ عامر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف اپنی فنی مہارت بلکہ عاجزی اور خوبصورت انداز کی بدولت بھی داد و تحسین کی مستحق ہیں۔

ایوارڈ وصول کرنے کے بعد ہانیہ عامر نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:

"یہ میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ ہمیں پاکستان کا نام فخر سے بلند کرنا چاہیے اور اپنے پلیٹ فارمز کو ملک کی مثبت تصویر اجاگر کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ ایک مضبوط اور متحد کمیونٹی کے طور پر جڑے رہنا بے حد ضروری ہے۔”

جب ان سے بالی ووڈ میں ممکنہ کام اور پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ کسی پراجیکٹ کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے خاموشی اختیار کرلی اور کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

گزشتہ سال اکتوبر میں دلجیت دوسانجھ نے لندن میں اپنے کنسرٹ کے دوران ہانیہ کو اسٹیج پر بلایا اور ان کے لیے اپنا مشہور گانا "Lover” گایا۔ یہ لمحہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور پاکستانی و بھارتی مداحوں کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی۔ اس حوالے سے ہانیہ عامر نے کہا:

"فن، فن ہوتا ہے۔ سیاسی یا کسی بھی قسم کے اختلافات کو انسانیت اور تخلیقی اظہار کے درمیان حائل نہیں ہونا چاہیے۔”

تقریب میں ماریہ سورایا نے ہانیہ عامر کو بین الاقوامی شہرت یافتہ منفرد اداکارہ کے طور پر متعارف کراتے ہوئے انہیں "ثقافتی سفیر" قرار دیا۔ انہوں نے کہا:

"ہانیہ عامر نے پاکستان میں اداکاری اور فیشن کی دنیا کو ایک نیا رنگ دیا ہے۔ ان کا باوقار انداز اور خوداعتمادی انہیں اس اعزاز کا مستحق بناتی ہے۔”

ہانیہ عامر نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ برطانیہ میں اتنا وقت گزار چکی ہیں کہ شاید لندن مستقل منتقل ہونے کا سوچیں، تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ وہ جلد عید منانے کے لیے پاکستان واپس جا رہی ہیں تاکہ اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ خوشیاں منا سکیں۔


تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

پاکستان کے کتنے صوبے ہیں؟

بہاولپور کے 10 بہترین اسکول برائے معیاری تعلیم

جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ اور شیڈول جاری